ماسٹر کارڈ اور کیئر کا پاکستان میں خواتین کی زیر قیادت کاروبار کی معاونت کیلئے Strive Women کا آغاز

15 جمادى الأولى, 1445 | لاہور

لاہور(پریس ریلیز)ماسٹر کارڈ کے سینٹر فار انکلوسیو گروتھ اور بین الاقوامی کیئر نے اسٹرائیو وویمن کے نام سے ایک پروگرام کے آغاز کا اعلان کیا ہے،جس کا مقصد پاکستان، ویت نام، اور پیرو کی مارکیٹوں میں خواتین کی زیر قیادت چھوٹے کاروباروں کی مالی حالت کو بہتر بنانا ہے۔

اسٹرائیو ویمن اس بات کو تسلیم کرتی ہے کہ خواتین کی زیر قیادت چھوٹے کاروبار،دنیا بھر کی معیشتوں،کمیونٹیز اور گھرانوں کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں،یہ پروگرام مقامی شراکت داروں کے ساتھ ملکر ضرورت کے مطابق مالیاتی مصنوعات اور معاون خدمات فراہم کرے گااور کاروبار کے دوران خواتین کو درپیش صنفی رکاوٹوں کا بھی خاتمہ کرے گا۔اس پروگرام کا مقصد اس اقدام کے ذریعہ تینوں ممالک میں قریباً چھ ملین کاروباری افراد تک پہنچنا ہے،جس سے براہ راست تین لاکھ سے زائد کاروباری افراد کی معاونت ممکن ہوسکے گی،جس میں سے زیادہ  اکثریت خواتین کی ہے،تا کہ وہ اس اقدام سے اپنے کاروباروں کو بڑھا سکیں اور معیشت پر مثبت اثر ڈال سکیں۔

ماسٹر کارڈ اور کیئر کے درمیان شراکت داری کا یہ نیا مرحلہ  Ignite   پروگرام کی کامیابی کا تسلسل ہے،جس نے49.6ملین امریکی ڈالرز کے قرضوں سے لگ بھگ51ہزار کاروباری افراد کو براہ راست معاونت فراہم کی۔اس اقدام کے ذریعہ 1.38ملین چھوٹے کاروباری مالکان تک بھی رسائی حاصل کی گئی،اس پروگرام کے بعد 90فیصد شرکاء کی سیلز میں اضافہ ہوا جبکہ 50فیصد افراد اپنے کاروبار کو توسیع دینے میں کامیاب ہوئے۔

ماسٹر کارڈ پاکستان کے نائب صدر اور کنٹری بزنس منیجر ارسلان خان نے اس حوالے سے کہا کہ ”پاکستان میں لوگوں کو با اختیار بنانے کی اپنی بیس سالہ روایت پر عملدر آمد کرتے ہوئے،ہم اپنے شراکت داروں کے ساتھ ملکر کاروباری مالکان کو ان کی صلاحیتوں کے مطابق سازگار ماحول کی فراہمی جارء رکھے ہوئے ہیں،ہم کیئر کے ساتھ اس شراکت داری کے نئے مرحلے کے آغاز پر خوش ہیں اور مارکیٹ میں خواتین کی زیر قیادت چھوٹے کاروباروں کی مزید معاونت کیلئے پر عزم ہیں۔“

Igniteمیں شرکت کرنے والی پاکستانی کاروباری شخصیت کوثر پروین کا کہنا تھا کہ ”پاکستان میں ایک عورت کیلئے خود سے کاروبار کرنا انتہائی مشکل ہے،کیونکہ عام طور پر اسٹارٹ اپ لون کے حصول کیلئے مرد ضامن کی ضرورت ہوتی ہے،تاہم جیسے ہی کوئی مرد اس میں شامل ہوتا ہے تو پھر مالی اختیارات بھی اس کے پاس چلے جاتے ہیں اور خواتین کا کردار محدود ہوجاتا ہے،تاہم اس حوالے سے میں خوش قسمت رہی اور قرضہ حاصل کرنے میں کا میاب رہی،میں دوسری خواتین کاروباریوں سے بھی رابطے میں تھی،جس سے مجھے نئے رابطے استوار کرنے اور آئیڈیاز کی تیاری میں مدد ملی۔ Ignite   کی تربیت نے مجھے بطور عورت آگے بڑھنے کا اعتماد فراہم کیا،جو لوگ مجھے پہلے کہتے تھے کہ عورت کیلئے کاروبار کرنا ممکن نہیں،وہ آج بطور ایک کامیاب کاروباری خواتین کے میرا احترام کرتے ہیں۔“

Igniteنے یو بینک کے ساتھ دیگر شراکتوں کے علاوہ،خواتین قرض لینے والوں کیلئے اپنی تمام لون پراڈکٹس کیلئے ضمانت دینے کی شرائط میں آسانی بھی کی،اس پروگرام نے موبی لنک مائکرو فنانس بینک کے ساتھ خواتین کاروباری مالکان کو ڈیجیٹل قرضوں کے فوائد سے آگاہی کی فراہمی کیلئے بھی شراکت داری کی۔

اسٹرائیو وویمن پروگرام،خواتین کی زیر قیادت چھوٹے کاروباروں کیلئے طویل مدتی تعاون کیلئے پرعزم شراکت داروں کے ایک وسیع ترین ماحولیاتی نظام کی تعمیر کے ذریعہ،گزشتہ پروگراموں کے اثرات اور دائرہ کار کو مزید مضبوط کرے گا۔یہ پروگرام موسمیاتی بحران اور بچوں کی دیکھ بھال سے متعلق مسائل کی جانچ کرکے خواتین کی زیر قیادت کاروباروں کو درپیش صنفی رکاوٹوں کو بھی دور کرے گا،جو کہ خواتین کی ترقی کرنے کی رفتار کو متاثر کرتے ہیں۔اسٹرائیو وویمن،خواتین کی بہتری پر مبنی نقطہ نظر اختیار کرتے ہوئے ایسے طریقہ کار تیار کرنے کی کوشش کرینگے جو چھوٹے کاروبارکی خواتین مالکان کے گھریلواورکاروباری کیش فلو کو متوازن کرنے،مالی جھٹکے برداشت کرنے اور مالی انتظام کاری اور ان کی فیصلہ سازی کی طاقت بڑھانے میں مدد کرسکیں۔

پاکستان میں کیئر انٹر نیشنل کے کنٹری ڈائریکٹر عادل شیراز نے کہا کہ ”کیئر انٹر نیشنل پاکستان میں خواتین کی مالیاتی با اختیار بننے کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلئے کوشاں ہے،اور ہمیں اپنی ان کوششوں کے ٹھوس نتائج دیکھ کر انتہائی خوشی ہوتی ہے،اور یہ کامیابی خواتین کی جانب سے اپنے کاروباروں کیلئے قرض حاصل کرنے کی تعداد میں اضافہ سے جھلکتی ہے،ہمارے مالیاتی خدمات فراہم کرنے والے شراکت دار بتاتے ہیں کہ خواتین بہترین کسٹمر ہیں، اس لئے وہ اقتصادی منظر نامے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔“

اسٹرائیو وویمن،ماسٹر کارڈ کے انسان دوست چھوٹے کاروباری سپورٹ پروگراموں کے پور ٹ فولیو میں شامل ہے،جسے ماسٹر کارڈ اسٹرائیو کہتے ہیں،جو چھوٹے کاروباروں کو ڈیجیٹل معیشت میں ترقی کی منازل طے کرنے میں مدد دیتا ہے۔

یہ پروگرام کام کے چار بنیادی ستونوں پر توجہ مرکاز کرے گا،ان میں مالی مصنوعات کی بڑھتی ہوئی رسائی اور استعمال کے ذریعہ ترقی کرنے کیلئے خواتین کی زیر قیادت چھوٹے کاروباروں کی مددکرنا،مالیاتی خدمات فراہم کرنے والوں کے ساتھ ملکر تیا رکردہ مصنوعات تشکیل دینا جو خواتین کی زیر قیادت چھوٹے کاروباروں کو بہترین خدمات فراہم کرسکیں،اور خواتین کی زیر قیادت چھوٹے کاروباروں کیلئے صنفی رکاوٹوں کے خاتمے جیسے اقدامات شامل ہیں،جیسے بچوں کی دیکھ بھال،نیٹ ورک چلانے سے متعلق امور اور ٹولز کا استعما ل اورخواتین کاروباریوں کیلئے تعاون کے خوشگوار ماحول کی تعمیر وغیرہ۔

ماسٹر کارڈ نے2025تک دنیا بھر میں ایک ارب افراداور پانچ کروڑ چھوٹے اور درمیانے کاروباروں کو ڈیجیٹل معیشت سے منسلک کرنے کا عزم کیا ہے۔اس مقصد کا ایک اہم پہلو 2.25ملین کاروباری خواتین کو اپنے کاروباروں کو بڑھانے کیلئے حل فراہم کرنا تھا، کمپنی نے پاکستان میں Ignite   پروگرام کے ذریعے یہ عالمی سنگ میل  جون2023میں ہی حاصل کرلیا۔

کیئر میں وویمن انٹر پرینیور شپ کا عزم 30لاکھ کاروباری افراد اور ملازمین کیلئے مالیاتی تحفظ اور انہیں معاشی طور پر با اختیاربنانا،30ملین افراد تک رسائی اور2030تک 500ملین امریکی ڈالرز سے زائد نجی سرمایہ کو متحرک کرنا ہے۔